ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مولانا ارشد مدنی نے کہا؛ مسلمان یکساں سول کوڈ کی کریں گے مخالفت لیکن سڑکوں پر نہ اترنے کا منصوبہ

مولانا ارشد مدنی نے کہا؛ مسلمان یکساں سول کوڈ کی کریں گے مخالفت لیکن سڑکوں پر نہ اترنے کا منصوبہ

Mon, 19 Jun 2023 13:44:19    S.O. News Service

نئی دہلی، 19/جون(ایس او نیوز/ایجنسی) لوک سبھا انتخابات 2024سے پہلے ایک بار پھر یکساں سیول کوڈ کو لے کر ہنگامہ کھڑا کیا جا رہا ہے- اتراکھنڈ میں جہاں اس کے نفاذ کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، اورعام انتخابات سے محض چندماہ قبل 22ویں لاء کمیشن نے عوامی رائے طلب کی ہے،وہیں جمعیۃ علما ہند سمیت تمام مسلم تنظیمیں کھل کر اس کی مخالفت کر رہی ہیں - رپورٹ کے مطابق یکساں سیول کوڈ کا مسودہ پوری طرح تیار کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے احتجاج کی آوازیں بھی اٹھنے لگی ہیں -

جمعیۃ علما ہند کے سربراہ مولانا ارشد مدنی نے اس موضوع پر بات کرتے ہوئے کہاکہ ہم یکساں سیول کوڈ کی مخالفت کریں گے لیکن سڑکوں پر نہیں آئیں گے- یکساں سیول کوڈ کا مقصد ہندو اور مسلم کے درمیان فاصلہ پیدا کرنا اور انہیں الگ کرنا ہے- یہ لوگ(موجودہ حکومت)بتانا چاہتے ہیں کہ جو کام ملک کی آزادی کے بعد سے کسی حکومت نے مسلمانوں کے خلاف نہیں کیا تھا، اس سے ہم نے مسلمانوں کو ضرب لگا دی ہے-

مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ ہم یکساں سیول کوڈ کو لے کر سڑکوں پر نہیں اتریں گے کیونکہ اگر ہم ایسا کرتے ہیں تو جو ہمارے خلاف ہیں وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہو جائیں گے اور ہم ایسا نہیں چاہتے- سیاسی جماعتیں بھی اس ضابطہ اخلاق کے بارے میں یہ گمان کر رہی ہیں کہ یہ حکومت کا سیاسی پہلو ہے، اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے-

وہیں، مسلم سیاستدان بھی یو سی سی کی تجویز کی کھل کر مخالفت کر رہے ہیں - سماج وادی پارٹی کے لیڈر ابو عاصم اعظمی اور کانگریس لیڈر سلمان خورشید اسے بی جے پی کا ایجنڈا قرار دے رہے ہیں - ممبئی میں مقیم عالم دین مولانا دریابادی کے مطابق، کچھ پارٹیاں 2024کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے یکساں سیول کوڈ جیسے جذباتی مسائل کو اٹھا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہ رہی ہیں -


Share: